رمضان سہولت بازار کے قیام کا مقصد شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور شہریوں کو خریداری کے دوران درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے رمضان بازار میں موجود لمبی قطاروں اور شہریوں کے طویل انتظار کی شکایات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے حکام کو ہدایت دی کہ روزے کی حالت میں شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، اس کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازار میں خریداری کے لیے آنے والے بزرگوں، خواتین اور دیگر تمام افراد کے لیے بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ آرام سے خریداری کر سکیں۔ اس کے علاوہ سامان لینے کے دوران تمام شہریوں کو باری باری کرسیاں فراہم کی جائیں تاکہ وہ انتظار کے دوران آرام کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے شہریوں سے گفتگو کے دوران رمضان سہولت بازار میں دستیاب اشیاء کے معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور قیمتوں کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ بھی لی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازار عوام کے لیے ایک مفید اور مثبت اقدام ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کے باقی دنوں میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔



