جہلم پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار، ناجائز اسلحہ برآمد

جہلم: تھانہ چوٹالہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مجرم احتشام الحق سال 2023 سے قتل کے ایک مقدمہ میں مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش تھا۔
تھانہ چوٹالہ پولیس نے جدید سائنسی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب حکمت عملی کے تحت مجرم کو گرفتار کیا۔ گرفتاری کے دوران مجرم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مجرم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ اس کارروائی کو پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرائم کے خاتمے کے لیے جاری عزم کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔



