گورنمنٹ البیرونی کالج پنڈدادن خان میں شجر کاری مہم کا انعقاد، "منی جنگل” بنانے کا اعلان

پنڈدادنخان: جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ البیرونی ڈگری کالج پنڈدادن خان میں محکمہ جنگلات کے تعاون سے شجر کاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر سہیر احمد مغل نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب کالج کے خوبصورت لان میں منعقد ہوئی، جس میں صحافیوں، سول سوسائٹی، رفاہی تنظیموں اور مقامی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگانا چاہیے کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ البیرونی کالج میں "منی جنگل” لگایا جائے گا جو تحصیل پنڈدادن خان کے لیے ماڈل فارسٹ کا کردار ادا کرے گا۔
شجرکاری مہم میں سٹی ویلفیئر کونسل، سرسبز پنڈدادن خان، ہیپی چوز، سالٹ رینج میڈیا کلب، تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ، اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھی پودے لگائے اور سرسبز پاکستان کی مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔
اس موقع پر پروفیسر نیاز نے کہا کہ "سرسبز پنڈدادن خان ہماری منزل ہے” اور درختوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف ماحول کو بہتر بناتے ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے سرمایہ ہیں۔



