القاسم انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل چلڈرن نے سینئر صحافی بلال رضا کو بہترین صحافتی خدمات پر تعریفی اسناد سے نوازا

8
جہلم: صحافت کو معاشرے کی آنکھ اور کان کہا جاتا ہے اور اسی ذمہ دارانہ کردار کے اعتراف میں القاسم انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل چلڈرن جہلم کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں جہلم پریس کلب کے ممبر، معروف سینئر صحافی بلال رضا کو بہترین صحافتی خدمات سرانجام دینے پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ صحافی بلال رضا معاشرے کے وہ بے لوث سپاہی ہیں جو حق و سچ کی آواز بن کر نہ صرف عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ فلاحی اداروں اور سماجی خدمات کو اجاگر کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار صحافت معاشرتی اصلاح اور شعور کی بیداری میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
القاسم انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ نے اس موقع پر کہا کہ صحافیوں کی حوصلہ افزائی دراصل سچائی، دیانت اور عوامی خدمت کے سفر کو تقویت دینا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ سماجی شعور اجاگر کرنے والی کاوشوں کی بھی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب کے اختتام پر صحافی برادری نے القاسم انسٹی ٹیوٹ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ادارے کی خدمات قابلِ تحسین اور معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔



