دھوکہ دہی کے مقدمہ میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان گرفتار

دینہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی کے مقدمہ میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرمان کو قانون کی گرفت میں لیا۔ گرفتار ملزمان تھانہ دینہ میں درج دھوکہ دہی کے مقدمہ میں مطلوب تھے اور کافی عرصے سے گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید سائنٹیفک اور تفتیشی ذرائع استعمال کیے گئے، جن کی مدد سے اشتہاری مجرمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ مقدمہ کے دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشتہاری مجرمان اور قانون شکن عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے جہلم پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دے رہی ہے۔



