جہلم: ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث "عمران عرف مانا گینگ” کے 4 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث خطرناک "عمران عرف مانا گینگ” کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے بھاری مالِ مسروقہ اور نقدی برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت اور ڈی ایس پی صدر شہباز ہنجرا کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او تھانہ صدر صداقت علی اور پولیس ٹیم نے جدید سائنٹفک طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔

ملزمان سے برآمدگی میں 27 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی، ایک چوری شدہ کار مالیتی 25 لاکھ روپے، اور 7 عدد موٹر سائیکل شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق برآمدگی کا کل تخمینہ تقریباً 54 لاکھ 34 ہزار 700 روپے بنتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

Exit mobile version