سیف سٹی کے قیام سے جرائم کی شرح میں مزید کمی اور پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، صہیب برتھ

جہلم: صوبائی وزیر صہیب برتھ نے کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے ہمراہ سیف سٹی جہلم اور ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم جدید کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا۔
صوبائی وزیر نے محرم الحرام کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے سیف سٹی سمارٹ مانیٹرنگ سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے سیف سٹی پراجیکٹ کی ورکنگ، تکنیکی سہولیات اور مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کی سیف سٹی کیمروں اور کنٹرول روم کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر صہیب برتھ نے سیف سٹی پراجیکٹ کو حکومت پنجاب کے محفوظ پنجاب کے وژن کی عملی تصویر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے باعث ضلع جہلم میں جرائم کی شرح میں واضح کمی اور پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو جدید سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے عوام کو بہتر اور فوری سروس ڈیلیوری ممکن بنائی جا رہی ہے۔



