یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کا آغاز، اسٹورز بند، سامان کی منتقلی شروع

جہلم: حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند کرنے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے جہلم سمیت ملک بھر میں اسٹورز کو مرحلہ وار بند کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اسٹورز میں موجود اشیائے خوردونوش کو ویئر ہاؤسز میں منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے ان سامان کو واپس کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو 10 جولائی سے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا جبکہ ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کو رضا کارانہ علیحدگی (VSS) پیکج کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ ادارے کی بندش کے بعد اسٹورز میں موجود ریکس، فرنیچر، آئی ٹی آلات اور دیگر اثاثہ جات کی شفاف نیلامی کی جائے گی۔
مزید یہ کہ کرائے پر حاصل کیے گئے اسٹورز کو یکم اگست 2025 سے قبل خالی کرنے کے باضابطہ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے اسٹورز اور دفاتر سے متعلق تمام اشیاء کو اکٹھا کرکے متعلقہ دفاتر میں جمع کرایا جا رہا ہے۔
یہ اقدام مہنگائی کے مارے عوام کے لیے باعث تشویش قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر حکومت کی طرف سے سبسڈی کے تحت سستی اشیائے ضروریہ فراہم کی جاتی تھیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت متبادل نظام فوری طور پر متعارف کروائے تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔



