ضلع جہلم میں 12 دسمبر سے چار روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع ہوگی

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کی زیرِ صدارت آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم (NID) کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے بتایا کہ ضلع جہلم میں چار روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم 12 دسمبر سے 15 دسمبر 2026ء تک جاری رہے گی، جس کے لیے تحصیل وار مائیکرو پلان مکمل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مہم کے دوران ضلع جہلم کی تمام 56 یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 28 ہزار 162 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر 1,094 موبائل ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔

سی ای او ہیلتھ کے مطابق فیلڈ میں انسدادِ پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی اور مہم کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 223 ایریا انچارجز اور 56 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز (UCMOs) بھی اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

اجلاس میں پیش کیے گئے تحصیل وار اعداد و شمار کے مطابق تحصیل جہلم کی 18 یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر کے 84 ہزار 40 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس میں آئندہ قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button