ڈپٹی کمشنر کا ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ، قیدیوں کی بحالی کے لیے تربیتی مرکز قائم کرنے کا اعلان

22
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ کیا اور الصفاء تنظیم کے تعاون سے نصب کیے گئے واٹر بورہول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس منصوبے کا مقصد جیل میں قیدیوں اور عملے کو پینے کے صاف پانی کی مستقل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔
افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے سپرنٹنڈنٹ جیل اور الصفاء تنظیم کی ٹیم کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں قیدیوں کی بحالی اور اصلاح کے لیے مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم اور الصفاء تنظیم کے باہمی اشتراک سے ڈسٹرکٹ جیل میں ایک خصوصی تربیتی مرکز قائم کیا جائے گا۔
اس تربیتی مرکز میں قیدیوں کو اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں فنی مہارتوں (اسکلز ٹریننگ) کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ رہائی کے بعد باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس موقع پر کہا کہ قیدیوں کو ہنر مند بنانا اور انہیں مثبت سمت دینا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے الصفاء تنظیم کی فلاحی خدمات اور تعاون کو سراہتے ہوئے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تربیتی سیٹ اپ کی تیاری اور دیگر انتظامی امور کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ قیدیوں کی اصلاح اور فلاح کے اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔



