جہلم میں سیف سٹی کیمرے فعال، ای چالان کا آغاز، شہریوں کو قوانین کی پاسداری کی ہدایت

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں نصب سیف سٹی کیمرے مکمل طور پر فعال کر دیے گئے، شہریوں کو ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور ضلع بھر میں ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب ڈرائیوروں کی حرکات و سکنات پر کیمروں کی نظر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے موٹروے اور دیگر اہم شاہراہوں پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ غلطی یا قانون شکنی کے مرتکب ڈرائیوروں کو تصویری شواہد اور نمبر پلیٹس کے ذریعے شناخت کر کے چالان ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سیف سٹی کیمرے موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے، سائیڈ مرر کے بغیر ڈرائیونگ، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال، گاڑیوں پر کالے شیشے، سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، سگنل توڑنے، کم عمر ڈرائیورز سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں گے۔
ٹریفک پولیس جہلم کے ذمہ داران نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے ادا کرنے سے بہتر ہے کہ قانون پر عملدرآمد کیا جائے۔ شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ مہذب اور باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ سڑکوں پر محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔



