جہلم میں پیداواری مقابلہ جات برائے گندم کے تحت کاشتکاروں میں انعامات تقسیم

سوہاوہ/ جہلم: محکمہ زراعت جہلم کے زیر اہتمام گندم پیداواری مقابلہ جات 2024-25 کے تحت نمایاں کارکردگی دکھانے والے کاشتکاروں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کسانوں کو انعامی چیکس تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) جہلم چوہدری عابد جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی) ایاز احمد بٹ، اور ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سوہاوہ ڈاکٹر عارف اللہ شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عابد جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، اور گندم کے پیداواری مقابلہ جات اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں۔ ان مقابلہ جات کا مقصد زیادہ سے زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے کاشتکاروں میں جذبہ پیدا کرنا اور ان کی محنت کو سرکاری سطح پر سراہنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان مقابلہ جات کے لیے کاشتکاروں سے باقاعدہ درخواستیں وصول کی گئیں، جن کی جانچ پڑتال تحصیل، ضلعی اور ڈویژنل سطح پر کی گئی، اور بعد ازاں نمایاں کارکردگی پر پوزیشنز دی گئیں۔
ضلع جہلم میں تینوں پوزیشنیں تحصیل سوہاوہ کے کاشتکاروں نے حاصل کیں۔ عبدالرحمن نے 64 من فی ایکڑ کی شاندار پیداوار کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، علی رضا نے 55 من فی ایکڑ کے ساتھ دوسری اور محمد اعظم نے 53 من فی ایکڑ کی پیداوار کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن پر 10 لاکھ، دوسری پر 8 لاکھ اور تیسری پوزیشن پر 5 لاکھ روپے کے انعامی چیکس تقسیم کیے گئے۔ چوہدری عابد جاوید نے خوش نصیب کاشتکاروں کو مبارک باد دی اور ان کی محنت کو سراہا۔
تقریب کے دوران چوہدری عابد جاوید نے مزید بتایا کہ ضلع جہلم میں رواں سال 2 لاکھ 8 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی جو مقرر کردہ ہدف سے زیادہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کے لیے کئی ریلیف پیکجز دیے جا رہے ہیں، جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج کے تحت کسان کارڈ کی فراہمی اور اس کے ذریعے بلاسود قرضوں کی سہولت شامل ہے۔ اس کارڈ کے دوسرے مرحلے میں اب کسان زرعی مداخل کے ساتھ ساتھ ڈیزل کی خریداری اور 30 فیصد رقم کیش کی صورت میں حاصل کر کے زرعی امور انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں 68 کسانوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے دس لاکھ روپے سبسڈی پر ٹریکٹرز فراہم کیے گئے، جبکہ زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت بھی چھ خوش نصیب کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹرز دیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار کے لیے حکومت پنجاب نے علیحدہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت منی ڈیمز کی تعمیر، زمین کی ہمواری، سولر سسٹمز اور ہائی ایفیشینسی ایریگیشن سسٹمز فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ان اقدامات سے زرعی شعبے کو نئی جِلا ملے گی، کسان خوشحال ہوگا اور ملکی معیشت کو تقویت ملے گی۔ تقریب خوشگوار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔



