جہلم میں ادویات کی بڑھتی قیمتوں نے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ غریب اور متوسط طبقے کیلئے علاج معالجہ کروانا انتہائی مشکل بنتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جان بچانے والی اور روزمرہ استعمال کی مختلف ادویات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے باعث بیمار افراد کیلئے علاج جاری رکھنا دشوار ہو چکا ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر نگرانی اور چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث بعض مقامات پر ادویات من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ کئی مریض مالی مشکلات کے باعث اپنا علاج ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے تشویش ظاہر کی کہ ادویات کی بڑھتی قیمتیں انسانی جانوں کیلئے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں اور کم آمدن والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔



