امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ماہ مبارک ربیع الاول کو اس طرح مناؤ جس طرح اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ نے منانے کا طریقہ اور سلیقہ بتایا ہے۔اظہار محبت میں بھی ادب اور حدود و قیود کا اس طرح خیال ہو کہ بے ادبی کا شائبہ بھی نہ گزرے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے جمعتہ المبارک کے روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ایک عظیم فتح کی نوید سناتا ہے ہم اپنے آپ کو اُن مضبوط بنیادوں پر کھڑا کریں جنہیں لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، یہ استحکام ہمارے دفاع کو اتنا مضبوط کردے گا کہ منانے سے نکل کر ہم عملی طور پر ثابت کریں گے کہ ہم ناقابل تسخیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم نے ہمیں قلب عطا فرمایا جو دھڑکنے والے دل کے مقام پر ہے ہمارے گناہ اس قلب پر سیاہ نکتے کی صورت میں لگتے ہیں اور یہ سیاہ ہو جاتا ہے اس کی سیاہی ہمیں بندگی سے نکال دیتی ہے۔ ذکر الٰہی بندہ مومن کے اس قلب کو صاف کر کے اس کے ٹیڑھے پن کو دور کرتا ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ آج ہم اپنا جائزہ لیں اور اس قلب کی کھڑکی کو کھولیں کہ ہم جو بھی عمل کر رہے ہیں چاہے وہ معاشرے میں لین دین کے معاملات میں سے ہو،اپنے بیوی بچوں کے ساتھ برتاؤ ہو،ہمارے شب وروز کے فیصلوں میں ذاتی پسند و ناپسند ہے یا ان میں اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی رضا کو سامنے رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب مخلوق اپنی مرضی کرتی ہے تو پھر کر ہ ارض پر فتنہ اور فساد ہوتا ہے۔معاشرے میں جہاں بہت ساری برائیاں ہیں وہاں جھوٹ بھی عام ہے اور یاد رکھیں جھوٹ بولنا بے شک بڑا گناہ ہے لیکن جھوٹ سننا بھی بہت برے اثرات مرتب کرتا ہے اور فی زمانہ اس وقت ہم سب سے زیادہ جھوٹ اپنے آپ سے بول رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر شہدا ء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بلندی درجات کی دعا فرمائی۔
یادر ہے کہ مرکز دارالعرفان منارہ میں سالانہ جلسہ بعثت رحمت عالم ﷺ کا انعقاد 8 ستمبر 2024 بروز اتوار دن 11 بجے باہر گراؤنڈ میں ہوگا۔جس میں جہاں خواتین و حضرات کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ سالانہ جلسہ میں ملک کی اہم شخصیات جن میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، فاروق ستار ایم کیوایم، سابق وفاقی مذہبی امور سینٹر طلحہ محمود، مختار احمد بھرتھ، ایڈوائزر وزیر اعظم برائے صحت، سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، ملک تنویر اسلم سیتھی ممبر صوبائی اسمبلی کے علاوہ کئی معزز عمائدین علاقہ شرکت کریں گے۔ جلسہ کے انتظامات شب و روز جاری ہیں۔
