اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، سنیہ صافی

13
جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں یا ان کے لواحقین کی جانب سے ریونیو، زمینوں کے تنازعات اور دیگر متعلقہ شکایات پیش کی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی نے ہر شکایت کنندہ کی بات کو بغور سنا اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی اوورسیز پاکستانی کی شکایت کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور تمام مسائل میرٹ اور قانون کے مطابق بروقت حل کیے جائیں گے۔
سنیہ صافی نے اجلاس کے دوران زور دیا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا فخر ہیں اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام شکایات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد بروقت ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ کسی بھی تاخیر یا سستی کی گنجائش نہ رہے۔
اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے ہر شکایت کی تفصیلات نوٹ کیں اور عملی اقدامات کا پلان بھی تیار کیا گیا، تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے حقوق اور زمینوں سے متعلق فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔



