محرم الحرام کی سکیورٹی کے پیشِ نظر جہلم پولیس کا فلیگ مارچ

جہلم: محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانے کے لیے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر نگرانی پولیس کا شہر بھر میں فلیگ مارچ منعقد کیا گیا۔
فلیگ مارچ کا آغاز پولیس لائنز جہلم سے ہوا جو کہ شہر کے مختلف اہم مقامات سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ میں ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی ایس پی صدر سرکل، ڈی ایس پی سٹی سرکل، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ فورسز کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا، امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا اور شرپسند عناصر کو واضح پیغام دینا تھا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام فورسز الرٹ ہیں اور ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی شرپسندی یا امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کو سختی سے کچلا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر لمحہ چوکس اور تیار ہیں تاکہ ضلع جہلم میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔



