برٹش پاکستانیوں کو حج کیلئے پاسپورٹ کے حصول میں دشواری کا سامنا

لیڈز: رواں برس حج کیلئے برٹش پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد پاکستانی پاسپورٹ پر روانہ ہوگی۔ پاکستانی پاسپورٹ کے حصول کیلئے پاکستانی کمیونٹی کو برطانیہ میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

زیارت بیت اللہ پر جانے والے زائرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی ماہ قبل پاکستانی پاسپورٹ کیلئے درخواستیں دے رکھی ہیں مگر انہیں بار بار قونصل خانوں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں اور یہ کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے کہ ابھی اسلام آباد سے پاسپورٹ نہیں آیا۔

کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن لندن اور دیگر قونصل خانوں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر حج کیلئے جانے والے زائرین کو پاسپورٹ جاری کریں۔

زائرین نے قونصل خانوں اور پاکستان ہائی کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی قونصل خانوں نے یہی رویہ روا رکھا اور سیکڑوں کی تعداد میں لوگ حج کی ادائیگی سے محروم رہے۔

میڈیا کو پاسپورٹ کے حصول کیلئے دی جانے والی درخواستوں کی کاپیاں موصول ہوئی ہیں جنہیں ابھی تک پاسپورٹ جاری نہیں کئے گئے۔ پاک کشمیر آرٹ سوسائٹی کے چیئرمین الحاج نواز اختر نے حکومت پاکستان اور ہائی کمیشن پاکستان سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ حج کیلئےجانے والے زائرین کو فوری طور پر پاسپورٹ جاری کریں۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی حج کیلئےجانے والے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سیکڑوں کی تعداد میں لوگ حج سے محروم رہے۔

استحکام پاکستان کونسل برطانیہ نے بھی قونصل خانوں کے رویئے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بریڈ فورڈ اور برمنگھم کے قونصل خانے بزرگوں اور خواتین کو بار بار چکر لگوانے کے باوجود پاسپورٹ جاری نہیں کر رہے جو تشویش ناک ہے۔

جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان کونسل برطانیہ چوہدری راشد نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ اوور سیز پاکستانیوں کو فوری طور پر نئے پاسپورٹ جاری کیے جائیں تاکہ وہ حج کیلئے اپنی تیاری مکمل کر سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button