دینہ میں ماں اور دو بچوں کی پراسرار ہلاکت، شوہر کے خلاف تہرے قتل کا مقدمہ درج

دینہ میں خاتون اور دو معصوم بچوں کی ہلاکت کا معاملہ معمہ بن گیا، تہرے قتل کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقے آڑا بڈھار (خورد) میں ماں اور دو معصوم بچوں کی ہلاکت کے معاملے نے سنگین رخ اختیار کر لیا ۔ پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر چچا زاد بھائی کی مدعیت میں بچوں کے والد سہیل محمود کے خلاف درج کر لی۔
پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ مقتولہ کے چچا زاد بھائی نے الزام لگایا ہے کہ سہیل محمود نے بیوی اور دو بچوں کو دانستہ طور پر زہر دے کر قتل کیا اور خود فرار ہو گیا۔
@jhelumupdates جہلم: دینہ میں ماں اور 2 معصوم بچوں کا معاملہ #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos #newsupdate ♬ original sound – Jhelum Updates
پولیس نے بتایا کہ ملزم سہیل محمود پیشے کے لحاظ سے ٹیکسی ڈرائیور ہے اور واقعے کے بعد سے لاپتہ ہے جبکہ اس کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 32 سالہ ہاجرہ، 7 سالہ قاسم اور 5 سالہ زینب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گزشتہ روز تینوں کی لاشیں گھر کے ایک کمرے سے برآمد ہوئیں، جس پر شبہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ہلاکتیں زہریلی چیز کھانے سے ہوئی ہیں۔
اہلِ محلہ کے مطابق واقعے سے ایک روز قبل میاں بیوی میں جھگڑا بھی ہوا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو تلاش کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



