بارانی زرعی یونیورسٹی اور محکمہ زراعت کی مشترکہ کاوش، جہلم میں گندم کی زیادہ اگاؤ مہم کا افتتاح کر دیا گیا

جہلم: ضلع جہلم کے نواحی گاؤں جکر میں بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور محکمہ زراعت توسیع کے باہمی اشتراک سے گندم کی زیادہ اگاؤ اور پیداوار میں اضافے کی مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں مقامی ترقی پسند کاشتکار شہزاد بشارت چوہدری کے فارم پر گندم کی بیجائی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس میں محکمہ زراعت توسیع اور بارانی زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور طالبات کی ٹیم نے حصہ لیا۔

مہم کے افتتاح کے موقع پر کاشتکاروں کو گندم کی بیجائی سے قبل بیج کو پھپھوندی کش ادویات سے محفوظ بنانے کے طریقہ کار اور گندم کی ڈرل کیلیبریشن کا عملی مظاہرہ کرکے دکھایا گیا، تاکہ کاشتکار جدید زرعی طریقوں کو اپنا کر بہتر اگاؤ اور زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر محمد احمد نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی محکمہ زراعت کی ٹیمیں اور بارانی زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ و طالبات مل کر گندم کی زیادہ اگاؤ اور پیداوار بڑھانے کے لیے خصوصی مہم چلا رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت محکمہ زراعت توسیع کے تمام کارکنان گھر گھر جا کر کاشتکاروں سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں کریں گے اور انہیں گندم کی کاشت کے جدید طریقوں سے آگاہ کرتے ہوئے زیادہ رقبے پر گندم اگانے کی ترغیب دیں گے۔

ڈاکٹر محمد احمد نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ گندم کی کاشت کے لیے تصدیق شدہ بیج استعمال کریں، ربیع ڈرل اور سپر سیڈر جیسی جدید مشینری کے ذریعے کاشت کو ترجیح دیں اور 15 نومبر سے قبل گندم کی بیجائی مکمل کر لیں، تاکہ فصل کے بہتر اگاؤ اور زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

تقریب میں بارانی زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ ڈاکٹر بدر نسیم صدیقی، ڈاکٹر فرح ناز، ڈاکٹر محمود الحسن اور ڈاکٹر عبدالمناف، محکمہ واٹر مینجمنٹ کے تیمور حسین اور ضلعی میڈیا کوآرڈینیٹر شکیل کھٹانہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر محکمہ واٹر مینجمنٹ کے نمائندوں نے ترقی پسند کاشتکاروں کو پانی کی بچت کے لیے متعارف کروائی گئی مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں ان اسکیموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی، تاکہ جدید زرعی طریقوں کے ذریعے پانی کے استعمال اور زرعی پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button