فواد چوہدری نے کہا کہ چوہدری فرخ الطاف اور بلال اظہر کیانی فارم 47 کے ایم این اے ہیں، حلقہ این اے 61 کی عوام للِہ جہلم دورویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے لیے نکلے، اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عدالت پیشی کے موقع پر حلقہ این اے 61 جہلم ٹو کی عوام کو اپنے ویڈیو بیان میں للِہ جہلم دو رویہ سڑک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کروانے کے لیے جہلم اور پنڈدادنخان کے لوگوں کو موثر احتجاج پلان کرنے کی تجویز دے دی۔
پابند سلاسل کا 151 دن
فواد چوہدری کا اپنے حلقہ جہلم کی عوام کے لیے عدالت سے خاص پیغام
للہ جہلم دو رویہ سڑک اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کروانے کے لیے جہلم اور پنڈدادنخان کے لوگوں کو موثر احتجاج پلان کرنے کی تجویز دے دی۔
ہمیں اپنا حق لینے کے لیے باہر نکلنا پڑھے گا ہم… pic.twitter.com/mn8QzR45WR
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 2, 2024
انہوں نے کہا کہ چوہدری فرخ الطاف اور بلال اظہر کیانی فارم 47 کے ایم این اے ہیں۔ پنڈدادنخان اور جہلم میں پی ٹی آئی کے امیدوارں کا کام ٹکٹ لے کر گھر بیٹھنا نہیں تھا. پنڈدادنخان کے طلباء، ٹیچر، تاجر اور عوام اپنے حقوق، سڑک، ٹراما سنٹر اور پاسپورٹ آفس کے لئے باہر نکلے احتجاج کریں ورنہ یہ ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا حق لینے کے لیے باہر نکلنا پڑے گا، ہم اپنے حصے کی جیلیں کاٹ رہے ہیں، کوئی فرق نہیں پڑتا حق کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو جیل میں رکھ کو حالات نارمل نہیں رکھے جا سکتے، پاکستان میں سیاسی رواداری کی ضرورت ہے اور حالات کو نارمل کرے کی ضرورت ہے۔
دینہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رشوت وصولی کے مقدمہ میں فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں14 روزہ کی توسیع
دوسری جانب اینٹی کرپشن راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج علی نواز بھکر نے دینہ کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے کروڑوں روپے رشوت وصول کرنے کے مقدمہ میں نامزد سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14یوم کی توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے مقدمہ کا چالان پیش نہ ہونے کے باعث کسی کاروائی کے بغیر سماعت 17اپریل تک ملتوی کردی اور اینٹی کرپشن کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ تاریخ پر چالان پیش کیا جائے۔
منگل کے روز سماعت کے موقع پر فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل سے سخت سکیورٹی میں ضلع کچہری لایا گیا۔ اس موقع پرسابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، فیصل فرید، فرازچوہدری، فواد چوہدری کی اہلیہ اور وکلا بھی موجود تھے تاہم دوران سماعت اینٹی کرپشن نے مقدمہ کا چالان پیش کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی جس پر عدالت نے سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے تعزیرات پاکستان کی دفعات 162/ 163 اور اینٹی کرپشن ایکٹ کی دفعہ 5/2/47 کے تحت گزشتہ سال 29 نومبر کو مقدمہ درج کیا تھا سب انسپکٹر عبدالغفار بھٹی کی مدعیت میں درج مقدمہ میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اس کے کزن و فرنٹ مین فوق شیراز چوہدری کے علاوہ ضلع کونسل جہلم کے سابق ڈسٹرکٹ افسر پلاننگ محمد داؤد اور سیکریٹری ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی جہلم کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ کے متن کے مطابق ملزمان نے کرپشن کا ارتکاب کرتے ہوئے دینہ میں جی ٹی روڈ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رشوت کی مد میں مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے وصول کئے جس کے لئے فوق شیراز چوہدری کے ذریعے سوسائٹی سے تمام سرکاری امور کی انجام دہی، زمین کی خریداری اور این او سی کی منظوری لے کر دینی تھی۔