جہلم: مرکزی علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ شاہ نواز فاروقی نے ضلع جہلم کا دعوتی و تبلیغی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے ضلع کے مختلف معروف دینی مدارس کا دورہ کیا اور علماء کرام و طلبہ سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران علامہ شاہ نواز فاروقی نے مدرسہ حنفیہ مجددیہ سکھا جہلم، جامعہ مدنیہ تعلیم القرآن مشین محلہ جہلم، جامعہ دارالعنایہ جادہ جہلم، مدرسہ شبیریہ ڈومیلی جہلم اور مدرسہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف تعلیمی و تربیتی نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے، اخلاقِ حسنہ اپنانے اور معاشرے میں دینِ اسلام کا صحیح اور پُرامن پیغام عام کرنے کی تلقین کی۔
اس دورے کا مرکزی اور اہم پروگرام مدرسہ شبیریہ ڈومیلی میں منعقدہ ’’پیغمبرِ انقلاب کانفرنس‘‘ تھا، جس میں علامہ شاہ نواز فاروقی نے خصوصی شرکت کی اور عوام الناس کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام مصائب اور مشکلات کا حل اسوۂ رسول ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ نبی کریم ﷺ ہی انسانیت کے حقیقی رہنما اور انقلاب کے داعی ہیں، اس لیے آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
دورے کے دوران جامعہ مدنیہ جہلم میں تحریک خدام اہلسنت والجماعت راولپنڈی ڈویژن کے امیر مولانا قاری عطاء اللہ طارق کی جانب سے علامہ شاہ نواز فاروقی اور دیگر معزز مہمانوں کے اعزاز میں ایک پُروقار ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب میں مرکزی علماء کونسل جہلم کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر دینی حلقوں کی جانب سے علامہ شاہ نواز فاروقی کے دورے کو علماء کرام اور طلبہ کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔ صدر مرکزی علماء کونسل جہلم قاری شبیر احمد کے مطابق اس دورے سے ضلع کے دینی حلقوں، بالخصوص مرکزی علماء کونسل جہلم میں نئی روح پیدا ہوئی اور دعوتی و تبلیغی سرگرمیوں کو تقویت ملی۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ علامہ شاہ نواز فاروقی کی دینی و تبلیغی خدمات کو قبول فرمائے اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے ان کی مساعی کو تادیر جاری و ساری رکھے۔ آمین۔
