ڈپٹی کمشنر جہلم کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کا اجلاس، صفائی کے انتظامات کا جائزہ

جہلم: ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور فیلڈ مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم علیزہ ریحان نے ایجنسی کی جاری سرگرمیوں، صفائی کے انتظامات اور فیلڈ مانیٹرنگ کے طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں صفائی کی مجموعی صورتحال، فیلڈ عملے کی کارکردگی اور جاری سرگرمیوں کی نگرانی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی ذمہ داریوں، ان کی کارکردگی جانچنے اور صفائی کے مقررہ معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے موجودہ نگرانی کے نظام پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ افسران اپنے فرائض باقاعدگی، ذمہ داری اور مؤثر انداز میں انجام دیں اور ضلع کے تمام علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے انتظامات میں کسی بھی قسم کی کمی یا غفلت کی فوری نشاندہی کرکے اس کا ازالہ کیا جائے تاکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا معیار بہتر بنانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔

↑
Exit mobile version