ڈپٹی کمشنر جہلم کا رمضان المبارک میں سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مرکزی سہولت بازار کا دورہ

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ماہ صیام میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع کے مرکزی رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد بازار میں اسٹالز کی تنصیب، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرکزی سہولت بازار میں آنے والے صارفین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ اشیاء کی بروقت ترسیل، پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور خریداروں کے لیے سایہ دار جگہ کے انتظامات کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے تاکہ خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل تمام تر انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران مرکزی سہولت بازار میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، جس کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا اور بازار میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے، تاکہ عوام باعزت اور سہولت کے ساتھ اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔



