راجہ کامران سیاب کی مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات

29
دینہ کے نواحی علاقہ پنڈوری سے تعلق رکھنے والی معروف سیاسی شخصیت اور مسلم لیگ (ن) بیڈ فورڈ یوکے کے صدر راجہ کامران سیاب نے سابق وزیر اعظم پاکستان اور قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں میاں نواز شریف نے ملک میں سیاسی استحکام، آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں مجموعی ملکی سیاسی صورتحال، درپیش سیاسی چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل باہمی اتفاقِ رائے، برداشت اور ذمہ دار سیاست میں مضمر ہے۔
راجہ کامران سیاب نے ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے جذبات، تحفظات اور توقعات سے قائد مسلم لیگ (ن) کو آگاہ کیا اور بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سنجیدہ اور متحرک کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
ملاقات میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال، اوورسیز ونگ کے امور اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔ میاں نواز شریف نے برطانیہ میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیمی سرگرمیوں اور راجہ کامران سیاب کی کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے پارٹی کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر راجہ کامران سیاب نے میاں نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔



