جہلم پولیس کی اہم کارروائی، منشیات فروش کو ہیروئن سمیت گرفتار کر لیا

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر تھانہ سول لائنز پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے مشترکہ طور پر کی، جس کے دوران ملزم عرفان غفور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 1 کلو 20 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے، جو کسی بھی بڑے نیٹ ورک کی نشاندہی کرتی ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ سول لائنز میں انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ "منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف جہلم پولیس کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے بچانا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



