جرمنی نے 50 سے زائد ممالک کے اربوں ڈالر کے قرضے معاف کردیے

جرمن وزارت خزانہ کے مطابق رواں صدی کے آغاز سے اب تک جرمنی کی طرف سے مجموعی طور پر 52 ممالک پر واجب الادا 15 اعشاریہ 8 ارب یورو مالیت کا قرض معاف کر دیا گیا۔
جرمن وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے قرضوں میں ریلیف کا انتظام یقینی بنانے کے لیے 52 ممالک کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔
معاف کردہ قرضوں میں سب سے زیادہ حصہ عراق کا ہے۔ جرمنی نے عراق کے ذمہ واجب الادا 4 اعشاریہ 7 ارب ڈالر مالیت کا قرضہ معاف کیا۔ عراق کے بعد نائیجیریا کا دوسرا نمبر ہے، جسے 2 اعشاریہ 4 ارب ڈالر مالیت کا قرض معاف کیا گیا جب کہ کیمرون کے ذمے 1 اعشاریہ 4 ارب ڈالر کا قرض بھی معاف کر دیا گیا۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ برس کے اختتام تک 70 سے زائد ممالک نے جرمنی کو 12 اعشاریہ 2 بلین ڈالر کے قرضے واپس کرنا تھے۔ اس وقت سب سے زیادہ واجبات مصر (1 اعشاریہ 5 بلین ڈالر)، بھارت (1 اعشاریہ 1بلین ڈالر) اور زمبابوے (889 ملین ڈالر) نے ادا کرنا ہیں۔
جرمن حکام کے مطابق قرضوں میں ریلیف ‘میکرو اکنامک استحکام‘ حاصل کرنے یا برقرار رکھنے اور مقروض ممالک کے لیے قرضوں کی پائیداری کو بحال کرنے کے لیے دی جاتی ہے۔
معاف کردہ قرضوں میں ریاستوں کے ساتھ مالی تعاون کے واجب الادا فنڈز کے ساتھ ساتھ جرمن ایکسپورٹرز اور بینکوں کے سپلائی اور کریڈٹ معاہدوں سے حاصل ہونے والی تجارتی وصولیاں بھی شامل ہیں۔



