پنجاب میں مزید ہزاروں سرکاری اسکول نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

جہلم: پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے رواں سال دسمبر میں سکولوں کی نجکاری کے تیسرے مرحلے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کے تحت ضلع جہلم سمیت پورے صوبے میں 4,500 پرائمری، مڈل اور ہائی سکول نجی آپریٹرز کے حوالے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صوبے بھر کے 12,500 سرکاری سکولز پہلے ہی نجی شعبے کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ نئے منصوبے کے مطابق وہ تمام سرکاری سکول جن میں طلبہ کی تعداد 100 یا اس سے کم ہے، بھی نجی اداروں کو منتقل کر دیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو تازہ ترین فہرستیں فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ نجکاری کے بعد ان سکولوں میں تعینات اساتذہ کو قریبی سکولوں یا سرپلس پول میں شامل کیا جائے گا۔ اس بار پہلی مرتبہ ہائی سکولز بھی نجکاری کے عمل میں شامل کیے گئے ہیں، جو اس پالیسی میں ایک اہم تبدیلی ہے۔



