ریڑھی بان محنت کش طبقہ ہیں، ان کے روزگار کا تحفظ ضروری ہے، چوہدری مظہر حسین

جہلم شہر کی سبزی و فروٹ منڈی کے نومنتخب صدر چوہدری مظہر حسین نے کہا ہے کہ ریڑھی بان ہمارے معاشرے کے وہ محنت کش افراد ہیں جو خاموشی سے اپنی محنت کے ذریعے رزقِ حلال کماتے ہیں، اور ان کے روزگار کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڑھی بان روزانہ کی بنیاد پر مشقت کرتے ہیں، اور اپنی محنت سے نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں بلکہ عوام تک پھل، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء سستے داموں ان کی دہلیز پر پہنچاتے ہیں۔ ان کا کام اگرچہ بظاہر چھوٹا ہے، لیکن ان کی خدمت بہت بڑی ہے۔
چوہدری مظہر حسین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے ترقی یافتہ دور میں یہ محنت کش طبقہ ظلم کا شکار ہے۔ بلاوجہ ان کی ریڑھیاں اٹھا لی جاتی ہیں، سامان ضبط کیا جاتا ہے اور ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔ یہ سب کچھ ایک ایسے طبقے کے ساتھ ہو رہا ہے جو پہلے ہی مالی مشکلات سے دوچار ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی و سماجی تنظیمیں، منتخب عوامی نمائندے اور سرکاری محکموں کے افسران ریڑھی بانوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ ان کے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ معاشرے میں غربت اور مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ منتخب نمائندوں کو چاہیے کہ وہ غریبوں کے ٹھنڈے چولہوں پر خاموش نہ رہیں بلکہ ان کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائیں۔
اس موقع پر مرغی بازار ہوٹلز ایسوسی ایشن کے صدر معروف کاروباری شخصیت مہر محمد افضل، مٹن ایسوسی ایشن کے رہنما خرم جندران، اور بیف ایسوسی ایشن کے رہنما جمشید بابا سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے چوہدری مظہر حسین کے موقف کی تائید کی۔



