نومنتخب وزیراعلی پنجاب کا تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس

جہلم: نومنتخب وزیراعلی پنجاب کا تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس، مریم نواز نے انتظامیہ کو سامان ہٹانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بازاروں ، چوک چوراہوں ، دکانوں کے سامنے قائم تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو سامان ہٹانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں کہ دکانداروں نے سامان باہر سڑکوں پر رکھا ہوا ہے، ٹھیلے ،ریڑھیاں ، لوڈر رکشوں کی وجہ سے تجاوزات قائم ہے جس کیوجہ سے شہریوں کو آمد رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ، تجاوزات کی وجہ سے آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں ۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ راستوں اور بازاروں میں ٹریفک بندش اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے، دکاندار سامان اپنی دکانوں کی حدود میں رکھنا یقینی بنائیں ، ریڑھی بان متعین جگہوں پر ٹھیلے لگائیں تاکہ شہریوں کے ساتھ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو تکلیف نہ ہو۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام ایک ماہ میں شہریوں کی شکایات کے ازالہ اورٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں۔

Exit mobile version