سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس اور محکمہ جنگلات نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرکاری جنگل سے غیر قانونی طور پر لکڑیاں کاٹنے اور چوری کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی پولیس نے محکمہ جنگلات کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سرکاری قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر اجازت سرکاری جنگلات سے درخت کاٹ رہے تھے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا۔ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ سرکاری املاک، جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی طور پر درخت کاٹنے اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
