جہلم میں جدید کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں زیرِ تعمیر بین الاقوامی معیار کے مصنوعی (Synthetic) ہاکی گراؤنڈ کے منصوبے کا جائزہ لیا اور کالج انتظامیہ سے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔

بریفنگ کے دوران منصوبے کی موجودہ پیش رفت، تعمیراتی کام کے معیار اور آئندہ مراحل کے حوالے سے مشیر صحت پنجاب کو آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کی اصل منظور شدہ لاگت 274 اعشاریہ 703 ملین روپے ہے۔

منصوبے کے تحت مصنوعی ہاکی گراؤنڈ کے علاوہ 15 میٹر بلند ایل ای ڈی لائٹس کے پولز، گراؤنڈ آرٹیکلز، چین لنک فینسنگ، واٹر سپلائی اور ڈرینج سسٹم، تماشائیوں کے بیٹھنے کے لیے اسٹیپس، پارکنگ ایریا، پبلک ٹوائلٹس، لینڈ اسکیپنگ، باؤنڈری وال، یوٹیلیٹی کنکشن سمیت دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

حکام کے مطابق مذکورہ ہاکی گراؤنڈ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی منظوری حاصل ہے، جس کے باعث یہ گراؤنڈ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہاکی سرگرمیوں کے لیے موزوں ہوگا اور مستقبل میں یہاں اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے انعقاد کے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔

اس موقع پر مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے گراؤنڈ سے منسلک تمام سہولیات کو بھی منظور شدہ ڈیزائن اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ جہلم میں جدید اور بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور قومی کھیل ہاکی کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے منصوبوں کی تکمیل ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے جہلم کے مقامی کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button