خانقاہوں نے ہمیشہ اسلام، انسانیت اور معاشرتی اصلاح کیلئے اہم کردار ادا کیا، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ خانقاہوں کا کردار ہمیشہ سے تبلیغِ اسلام، انسانیت کی فلاح و بہبود اور معاشرتی اصلاح میں نمایاں رہا ہے۔
جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خانقاہوں نے ذکرِ الٰہی، توبہ و استغفار اور روحانی تربیت کے ذریعے زنگ آلود دلوں کو منور کیا اور ایسے افراد تیار کیے جنہوں نے اپنے اعلیٰ اخلاق، کردار اور عمل سے معاشرے کو امن و سکون کا گہوارہ بنایا۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ خانقاہیں صرف عبادت گاہیں نہیں بلکہ روحانی تربیت گاہیں ہیں، جہاں عبادت، ذکر اللہ اور اصلاحِ نفس کے ذریعے دلوں اور روحوں کی تربیت کی جاتی ہے۔ یہ وہ مراکز ہیں جہاں صوفیائے کرام اپنی روحانی عبادات، ریاضات اور تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں کی رہنمائی کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اولیائے کرام نے نہ صرف کروڑوں لوگوں کو دائرہ اسلام میں داخل کیا بلکہ محبت، بھائی چارے، رواداری اور مثالی کردار کا درس بھی دیا۔
سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ اسلام دشمن قوتیں پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کیلئے متحد ہو چکی ہیں، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی اور سماجی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے اتحاد اور باہمی یکجہتی کی قوت سے نہ تو کوئی طاقت اسلام کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور نہ ہی پاکستان کی اسلامی نظریاتی سرحدوں کو کمزور کر سکتی ہے۔



