نور ویلفیئر سوسائٹی کا ماحول دوست اقدام، گرین پاکستان مہم کے تحت جہلم سپورٹس کمپلیکس میں پودوں کی تقسیم

جہلم: ملک گیر گرین پاکستان مہم کے تحت نور ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام سپورٹس کمپلیکس جہلم میں پودوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد شجرکاری کو فروغ دینا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کے لیے پودے نور ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء اور مرزا اصغر کی جانب سے عطیہ کیے گئے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر علیم یوسف نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی اور شہریوں میں پودے تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شجرکاری کی ماحولیاتی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ درختوں اور پودوں کی افزائش ماحول کو بہتر بنانے، فضائی آلودگی میں کمی لانے اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے نور ویلفیئر سوسائٹی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے سرسبز ماحول کے قیام کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ شجرکاری کو صرف ایک مہم تک محدود رکھنے کے بجائے اسے روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب دیکھ بھال بھی کریں تاکہ یہ پودے پروان چڑھ کر ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

تقریب میں عبدالغفور چوہان، محمد عمر، جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز، عابد چوہدری، چوہدری تصور حسین اور عامر کیانی سمیت صحافتی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پودوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانے اور شجرکاری کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کیا جائے گا، تاکہ ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے اور سرسبز و شاداب جہلم کے قیام کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button