جہلم میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر، گوشت کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قصابوں نے من مانے نرخوں پر گوشت فروخت کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر رکھا ہے۔
چکن، بکرے اور گائے کے گوشت کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مصنوعی مہنگائی اور منافع خوری پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔ شہری حلقوں نے انتظامیہ کی بے بسی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چکن کا گوشت 750 روپے فی کلو، بکرے کا گوشت 2,000 سے 2,500 روپے فی کلو، جبکہ گائے کا گوشت، جس کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہے، بازاروں میں 1,000 سے 1,200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ قصابوں اور گوشت فروشوں نے پرائس لسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانی قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنا معمول بنا لیا ہے، جس سے شہری شدید مالی دباؤ کا شکار ہو چکے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوشت کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کروایا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔



