ریسکیو 1122 جہلم کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے پر آگاہی سیمینار اور فرضی مشقوں کا انعقاد

جہلم: انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر ریسکیو 1122 جہلم کے زیرِ اہتمام ضلع کونسل ہال میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں رضاکاروں کی فرضی مشقیں بھی کی گئیں۔

یہ تقریبات سیکرٹری / بانی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئیں۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن اور صدر جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری زاہد بٹ تھے۔

اس موقع پر صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ، صدر الصدیق ویلفیئر ٹرسٹ سعید احمد، صدر یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس عبدالغفور چوہان، ریسکیو سکاؤٹس اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے اپنے خطاب میں فائر فائٹرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے وہ ہیرو ہیں جو اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر مشکل ترین حالات میں آگ پر قابو پانے کے لیے صفِ اول میں موجود ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے فائر فائٹرز کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ نئی تعمیرات میں فائر سیفٹی کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں ریسکیو 1122 کا ساتھ دیں تاکہ محفوظ معاشرہ قائم ہو سکے۔

اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس زاہد بٹ نے ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر شہر میں فائر سیفٹی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا اور فائر سیفٹی کے اصولوں کو لاگو کروانے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے ریسکیو 1122 جہلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو اہلکار ہر لمحہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تیار رہتے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے سال 2024 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیورز کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔

تقریب کے اختتام پر شہید فائر فائٹرز کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے فائر فائٹرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ریسکیو 1122 کی جانب سے عوامی آگاہی کے اس اقدام کو سراہا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button