جہلم مین بازار اور اہلحدیث چوک میں تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کا پیدل چلنا محال

جہلم شہر کے مرکزی تجارتی مراکز مین بازار اور اہلحدیث چوک میں ناجائز تجاوزات نے شہریوں، بالخصوص خواتین خریداروں، بزرگوں اور بچوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے غیر قانونی قبضوں کے باعث پیدل چلنے کے لیے ایک انچ جگہ بھی باقی نہیں رہی۔
روزانہ ہزاروں کی تعداد میں شہری خریداری کے لیے ان بازاروں کا رخ کرتے ہیں، مگر دکانوں کے باہر پختہ تھڑے، سڑک پر کھڑی ریڑھیاں اور سامان کی بھرمار نے عوام کی آمد و رفت کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ شاندار چوک کی صورتحال بھی مختلف نہیں، جہاں فٹ پاتھ مکمل طور پر دکانداروں کے قبضے میں آ چکے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی اور عدم دلچسپی نے تجاوزات کرنے والوں کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔ خواتین کو بازار میں خریداری کے دوران بار بار جسمانی رکاوٹوں اور دھکم پیل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بزرگ اور بچے گزرنے میں بے حد مشکلات کا شکار ہیں۔
مقامی شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے فوری نوٹس لینے اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نہ صرف روزمرہ زندگی مزید متاثر ہوگی بلکہ کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔



