عید الاضحیٰ؛ جہلم کے باسیوں کی حفاظت کیلئے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، ڈی پی او ناصر محمود

جہلم: ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ پنڈدادنخان اور دفتر ڈی ایس پی پنڈدادنخان کا دورہ کیا اور سرکل پنڈ دادنخان سے کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا۔
تھانہ پنڈ دادنخان کی بلڈنگ،فرنٹ ڈیسک،حوالات،مالخانہ،کوت اور میس ہال کا جائزہ لیا،صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانےاور فوری پبلک سروس ڈیلیوری کے احکامات جاری کئے۔
دفتر ڈی ایس پی پنڈ دادنخان میں سرکل کی کرائم میٹنگ کا انعقاد، میٹنگ میں ڈی ایس پی پنڈ دادنخان ، ایس ایچ اوز تھانہ پنڈ دادن خان، للِہ اور جلالپور شریف نے شرکت کی۔
میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں فری رجسٹریشن آف ایف آئی آرکو یقینی بنایا جائے، اختیارات سے تجاوز اور عام شہری سے بد تمیزی ہر گز بر داشت نہیں کی جائے گی۔ عوام الناس کے لئے آسانیاں پیدا کریں،بلاوجہ سائلین کو تھانہ بٹھا کر انتظار نہ کرایا جائے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ایس ڈی پی او شکایات پورٹل1787 پر موصول شدہ درخواست ہائے پر فوری دریافت عمل میں لاتے ہوئے میرٹ پر یکسوئی یقینی بنائیں۔ عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر جہلم کے باسیوں کی حفاظت کے لیے جامع اور فول پروف سیکورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ تھانہ جات/ چوکیات اور پولیس دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔



