ضلع جہلم میں نئے کاروباری اوقات نافذ، دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم

جہلم: صوبہ بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی حکومت پنجاب کی ہدایت پر نئے کاروباری اوقات اور کفایت شعاری مہم کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ فارمیسیز، پیٹرول پمپس اور تندور ان اوقات سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
اسی طرح شادی ہالز اور نجی تقریبات کو بھی رات 10 بجے تک ختم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد توانائی کی بچت کو فروغ دینا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں تاکہ توانائی بچاؤ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔



