جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، اشتہاری مجرمان سمیت 5 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کے دوران اشتہاری مجرمان سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز اور بھرپور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع بھر کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 13 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 422 افراد، 181 گھروں، 34 ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

دورانِ سرچ آپریشن ضلع بھر میں مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 2 اشتہاری مجرمان، ایک شراب سپلائر اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 10 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ میں 2 عدد پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیے گئے۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، مشکوک افراد کی جانچ پڑتال اور ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں گھروں، ہوٹلز، بس اسٹینڈز اور دیگر مقامات پر چیکنگ کا عمل جاری ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

اس حوالے سے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع بھر میں امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ضلع کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button