پنجاب میں صحت کی بہتری کیلئے جہلم سے آغاز کر رہے ہیں، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: مشیر صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ پنجاب میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کےلیے تمام وسائل بروے کار لائیں جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کو ماڈل ہسپتال بنائیں گے، ادویات کی فراہم پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کریں گے۔
ہفتہ کے روز وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مریضوں کو علاج کےلیے دوسرے اضلاع میں نہیں جانا پڑے گا، ٹراما سنٹر کی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی۔ ہسپتال کی ایمرجنسی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں صحت کی بہتری کےلیے جہلم سے آغاز کر رہے ہیں، ہسپتالوں میں غفلت اور لاپروائی کو برداشت نہیں کریں گے۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں شکایات سیل قائم کیے جائیں گے۔ موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے مسائل حل کیے جائیں گے۔
ضلع جہلم میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے انتھک محنت کریں گے، مشیر صحت پنجاب
قبل ازیں وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر آفس جہلم کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ سے تعارفی ملاقات کی جبکہ جہلم میں شعبہ صحت سے متعلق فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔

انتظامیہ نے مشیر صحت کو ڈی ایچ کیو ہسپتال، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، ڈسپنسریوں کے علاوہ کلینک آن ویلز پراجیکٹ میں عوام کو علاج معالجے کے لئے دی جانے والی دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ ضلع جہلم میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے انتھک محنت کریں گے۔ جو سہولیات پہلے سے موجود ہیں ان کو بہتر سے بہتر اور جو پہلے سے موجود نہیں ہیں، ان کو جلد از جلد عوام کو فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں جہلم کے لوگ بہترین طبی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔



