دینہ میں مکہ باہمی دفاعی معاہدے کے حق میں مسلم لیگ (ن) کی عظیم الشان ریلی

دینہ: سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مکہ باہمی دفاعی معاہدے کے حق میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل دینہ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض نے کی، جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے کوآرڈینیٹر راجہ محمد علی نے خصوصی شرکت کی۔

ریلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے علاوہ وکلاء، تاجر برادری، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے معاہدے کو سراہا۔

ریلی داتا روڈ سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مین چوک دینہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے قومی و ملی جذبے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

مین چوک پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض اور دیگر مقررین نے مکہ معاہدے کو پاکستان اور امتِ مسلمہ کے لیے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

مقررین نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کا باہمی دفاع اور سلامتی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا پوری امتِ مسلمہ کے لیے نیک شگون ہے۔ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی۔

مقررین نے مکہ معاہدے کا سہرا چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی حکمتِ عملی اور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو دیتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لیے سفر جاری ہے اور مستقبل میں اس اتحاد میں مزید اسلامی ممالک کی شمولیت کی بھی امید ہے۔

ریلی کے شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی دفاعی تعاون اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Exit mobile version