دینہ میں کھدائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، مزدور کئی گھنٹے ملبے تلے دبنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا

دینہ کے نواحی علاقے بڑل میں کھدائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، مزدور کئی گھنٹے ملبے تلے دبنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقے تھانہ منگلا کینٹ کی حدود بڑل میں ایک زیرِ تعمیر حویلی میں گٹر کی کھدائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک مقامی مزدور ملبے تلے دب گیا۔

صغیر علی کی حویلی میں گٹر بنانے کے لیے کھدائی کا کام جاری تھا۔ مزدور تقریباً 12 سے 14 فٹ گہرا کھڈا کھود چکے تھے کہ اچانک ریتلی اور پتھریلی مٹی سرک گئی، جس کے باعث مقامی مزدور تبسم عرف ٹکہ ولد چوہدری گلبہار لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر گردن تک ملبے تلے دب گیا جبکہ ایک اور نوجوان بھی خطرے میں آ گیا۔

ذرائع کے مطابق حویلی کو ہموار کرنے کے لیے ایک ماہ قبل دریائی بجری، ریتلی مٹی اور پتھروں کی بھرائی کی گئی تھی، جس کے باعث کھدائی کے دوران زمین غیر مستحکم ہو گئی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔

واقعے کے فوری بعد موقع پر موجود مزدوروں اور اہلِ علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت دبے ہوئے مزدور کو نکالنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آپریشن کا آغاز کیا، تاہم گڑھے کی گہرائی اور مسلسل مٹی سرکنے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ ایک جانب سے ملبہ ہٹایا جاتا تو دوسری جانب سے دوبارہ گر جاتا تھا۔

بالآخر ریسکیو 1122 نے ہیوی مشینری (ایکسکیویٹر) کی مدد سے آپریشن شروع کیا۔ تقریباً 9 سے 10 گھنٹے پر محیط طویل، صبر آزما اور انتہائی خطرناک آپریشن کے بعد مزدور تبسم کو معجزانہ طور پر زندہ نکال لیا گیا۔

واقعے کی اطلاع پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان بھی آپریشن کے دوران موقع پر موجود رہے۔

Exit mobile version