ضلعی عدالتوں میں ویڈیو لنک گواہی، دلائل ریکارڈ کرنے کی منظوری

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی عدالتوں میں بذریعہ ویڈیو لنک شہادت اور دلائل ریکارڈ کرنے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی عدالتوں میں بذریعہ ویڈیو لنک گواہی، شہادت اور دلائل ریکارڈ کرنے کی منظوری دیدی،جہلم سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کے سیشن ججز کو اقدامات کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا گیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر ضلعی عدالت میں شہادت، گواہی اور دلائل کیلئے انتظامات کیے جائیں، کمپیوٹر، کیمرے، مائیکروفون، 43 انچ ایل ای ڈی سمیت دیگر انتظامات کیے جائیں، گواہی، شہادت، دلائل کیلئے لینڈ لائن، واٹس ایپ، ایمو، فیس بک، سکائپ سمیت دیگر انتظامات کیے جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیشن، سول، مجسٹریٹس عدالتوں میں موجود کمپیوٹر استعمال میں لائے جائیں، کام کا دباؤ دیکھ کر اضافی کمپیوٹر نصب کئے جائیں، ضلعی عدالتیں ضرورت پڑنے پر مزید آئی ٹی سامان اپنے بجٹ سے خرید سکتی ہے، ای کورٹ کیلئے آئی ٹی آلات کی خریداری فوری شروع کی جائے۔
مراسلہ موصول ہونے کے چھ ہفتے میں تمام اقدامات مکمل کئے جائیں، تیاری مکمل ہونے تک پہلے سے موجود ای کورٹ کے ذریعے شہادت، گواہی اور دلائل مکمل کئے جائیں۔



