جہلم: ضلع میں صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتی اسٹیٹ میں جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اسٹیٹ جہلم کے اسٹیٹ انچارج آفس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز رضوان کیانی نے انہیں ادارے کی سرگرمیوں، صنعتی اسٹیٹ کے انتظامی امور اور جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے صنعتی اسٹیٹ میں جاری سرگرمیوں اور موقع پر ہونے والے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہیں صنعتی اسٹیٹ کی مجموعی صورتحال، انتظامی معاملات اور صنعتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر صنعتی شعبے کی ضروریات اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صنعتی اسٹیٹ میں جاری کاموں کی مؤثر تکمیل اور انتظامی امور میں بہتری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صنعتی اسٹیٹ میں دستیاب سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور جاری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی اسٹیٹ میں بہتر سہولیات اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی سے صنعتکاروں کو سہولت ملے گی، جبکہ ضلع جہلم میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
