ڈپٹی کمشنر جہلم کا تحصیل روڈ کا دورہ، ٹریفک کے مسائل حل کیلئے نئی پارکنگ کی جگہ مختص کرنے کا حکم

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین اور چیف آفیسر ضیاء اللہ رانجھا کے ہمراہ تحصیل روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے تحصیل روڈ پر ٹریفک کی بندش کے مسائل کا جائزہ لیا اور موقع پر دستیاب خالی جگہ کو مستقل پارکنگ کے لیے استعمال کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل روڈ پر دستیاب جگہ کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اس جگہ کو فوری طور پر پارکنگ کے لیے تیار کیا جائے تاکہ سڑک پر گاڑیوں کا دباؤ کم ہو سکے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین اور چیف آفیسر ضیاء اللہ رانجھا نے پارکنگ پلان پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نئی جگہ پر پارکنگ شروع ہونے کے بعد نو پارکنگ زونز میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں شہر کی اہم شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک اور ٹریفک کے لیے ہموار بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ تحصیل روڈ پر پارکنگ کے لیے مختص جگہ کی صفائی اور انتظام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ شہریوں اور دکانداروں کو سہولت میسر آ سکے۔ ضلعی انتظامیہ ٹریفک کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔



