جہلم میں تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے کمر کس لی

جہلم شہر میں تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے کمر کس لی۔

تفصیلات کے مطابق اندرون شہر، گلی محلوں، بازاروں، چوکوں اور چوراہوں سے تجاوزات ختم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایت پر تواتر کے ساتھ آپریشن جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پیرا کے افسران کی جانب سے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو متعدد بار ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ اپنا سامان سڑکوں پر رکھنے کے بجائے دکانوں کے اندر رکھیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔ تاہم، ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کا سامان سرکاری تحویل میں لے کر ضبط کر لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل بھی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جہلم سمیت صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن کیا گیا تھا، جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے تھے۔ اب ایک بار پھر ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حالیہ آپریشن کے بعد شہر میں کئی سالوں تک ریڑھی بان، لوڈر رکشہ اور دیگر تجاوزات کنندگان سڑکوں پر نظر نہیں آئیں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس بار تجاوزات کرنے والوں کو کسی سیاسی یا سماجی حمایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، کیونکہ پیرا مکمل میرٹ پر کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف سامان ضبط کرے گی بلکہ ضرورت پڑنے پر فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

شہری حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ شہر کو صاف، ستھرا اور قابلِ گزر بنانے کے لیے یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button