ماڈل بازار منصوبے میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تحصیل پنڈدادنخان کا خصوصی دورہ کیا اور مین بازار کو ماڈل بازار بنانے کے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے بازار کی تزئین و آرائش، تجاوزات کے خاتمے اور توسیعی کاموں کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام اور استعمال ہونے والے میٹریل کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ یہ مقررہ وقت کے اندر مکمل ہو سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم منصوبے میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کی روزانہ کی بنیاد پر سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اسے جدید خطوط پر مکمل کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو صاف ستھرا اور بہتر خریداری کا ماحول میسر آئے گا بلکہ ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی آئے گی اور علاقے کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

Exit mobile version