سوہاوہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے ایک ہی گھر کے 7 افراد کی حالت غیر، اسپتال منتقل

سوہاوہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے ایک ہی گھر کے 7 افراد کی حالت غیر ہو گئی، تمام افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے محلہ مدینہ مسجد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مضر صحت کھانا کھانے سے ایک ہی گھر کے سات افراد نیم بے ہوش ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب گھر کے افراد نے دوپہر کا بچا ہوا کھانا دوبارہ رات کو کھایا جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ افراد کھانے کے بعد اچانک نیم بے ہوش ہوگئے جس پر اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تمام متاثرین کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال سوہاوہ منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

متاثرین میں 42 سالہ جمیل احمد ولد محمد بشیر، 40 سالہ یاسمین اقبال زوجہ اقبال، 17 سالہ انوش ولد منیر، 42 سالہ تنویر بیگم زوجہ منیر، 52 سالہ عارف ولد بشیر، 21 سالہ نور ولد منیر اور 48 سالہ عزرہ شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام مریضوں کی طبی حالت اطمینان بخش ہے اور انہیں مکمل صحت یابی کے بعد گھر بھیج دیا جائے گا۔

ریسکیو حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ مضر صحت یا پرانا کھانا استعمال کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی ناگہانی صورتِ حال سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button