کھیوڑہ کے خطرناک پہاڑی ایریا میں ٹریفک حادثات، 22 سالہ نوجوان جاں بحق، 9 افراد زخمی

پنڈدادنخان: کھیوڑہ کے خطرناک پہاڑی ایریا میں دو مختلف حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 9افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں اور ڈیڈ باڈی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ کے پہاڑی ایریا میں کوسٹر بریک فیل ہونے کی وجہ سے الٹ گئی، حادثہ میں چوآ سیدن شاہ کا رہائشی 22 سالہ نوجوان ربانی ولد یونس خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

حادثہ میں 18 سالہ غلام سکینہ سکنہ کھیوڑہ، 48 سالہ فوزیہ بی بی سکنہ چوآسیدن شاہ، 52 سالہ مسرت بی بی سکنہ چکوال، 30 سالہ محمد عثمان سکنہ کھیوڑہ، 70 سالہ زینب بی بی، 21 سالہ مشرات شاہ سکنہ کھیوڑہ اور 30 سالہ ناصر خان سکنہ کھیوڑہ شدید زخمی ہو گئے۔

دوسرے حادثہ توبر ویلی کے قریب چوآسیدن شاہ کھیوڑہ روڈ پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار گندم سے بھری شاہزور بریک فیل ہونے کی وجہ سے الٹ گئی، حادثہ میں 42 سالہ عمران ولد غلام حسین اور 32 سالہ راجہ غلام عباس ساکنائے محلہ بلوچاں والا پنڈدادنخان شدید زخمی ہو گئے۔

حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 پنڈدادنخان کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد دے کر سول ہسپتال کھیوڑہ اور ڈیڈ باڈی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا۔

یاد رہے کہ خطرناک پہاڑی ایریا میں روڈ کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے، حادثات معمول بن گئے، ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Exit mobile version