دینہ میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع، دوکانوں کے فرنٹ اور پختہ تھڑے مسمار


دینہ: مین بازار میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف دوسرا راؤنڈ شروع ، اسسٹنٹ کمشنر دینہ کی قیادت میں دوبارہ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ، ہیوی مشینری کے ساتھ کئی کئی فٹ دوکانوں کے فرنٹ اور پختہ تھڑوں کو مسمار کر دیا گیا ، آپریشن کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات دیکھے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح جہلم کی تحصیل دینہ میں بھی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ زو ر وشور سے جاری ہے۔ دینہ مین بازار میں تجاوزات کے خلاف دوسرے راؤنڈ کا آغاز کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی قیادت میں ہیوی مشینری کے ساتھ مین بازار میں آپریشن شروع کیا گیا اور کئی کئی فٹ دوکانوں کے فرنٹ تجاوزات کی زد میں آنے سے گرا دیے اور پختہ تھڑوں اور سائن بورڈ کو مسمار کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجودتھی۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا لہٰذا دوکاندار حضرات کو چاہئے کہ اپنی مدد آپ کے تحت غیر قانونی تجاوزات کو فی الفور ختم کر دیں ۔



